ہفتہ وارWeekly

زندگی کا سٹیٹس

اپنی راہ - ہفتہ وار کالم

توحید شاہ ہاشمی10 منٹ کا مطالعہ

اگلا شو سات بجے شروع ہونا تھا۔ بیس منٹ کا وقفہ تھا۔ میں اپنی فیملی کے ساتھ ایک پارک میں چھ بجے آیا تھا۔ یہاں ڈانسنگ فاؤٹین یعنی ناچنے والے فوارے لگائے گئے تھے جو کہ عوام کی دلچسپی کا باعث تھے۔ ہم پہلے بھی ایک بار یہاں آچکے تھے اور آج پھر پروگرام بن گیا۔روزانہ رات سات بجے شو شروع ہوتا اور دس بجے تک جاری رہتا ہے۔ ہر شو دس منٹ کا تھا اور پھر بیس منٹ کا وقفہ اور پھر دوبارہ فواروں کا پانی رقص شروع کردیتا۔ بچوں کے ساتھ بڑے بھی اس منظر سے خوب لطف اندوز ہورہے تھے۔ مگر ٹھریے بڑے لطف اندوز ہورہے تھے؟ نہیں... بڑے تو سٹیٹس کے فکر میں تھے۔ اپنی زندگی کے سٹیٹس کی فکر نہیں۔ بلکہ سوشل میڈیا کے سٹیٹس کی فکر۔ بلکہ اب تو سوشل میڈیا کا سٹیٹس ہی زندگی کا سٹیٹس بن چکا ہے۔ ۔۔۔۔

پہلا شو شروع ہوتے ہی اور لوگوں کی طرح میں نے بھی موبائل نکال لیااور پھر اگلے دس منٹ فواروں کا رقص دیکھنے کی بجائے موبائل پر بننے والی ویڈیو کی فکر رہی۔ کبھی کوئی سامنے سے گزر جاتا تو ویڈیو میں پڑنے والا خلل عجیب غصہ دلا دیتا۔ ایک طرف کا منظر فوکس کیا تو دوسری طرف رہ گئی۔ بلندی سے گرتے پانی کی پھوار پر کیمرہ ڈالا تو پانی کی رنگ بدلتی روشنی کیمرہ بندی سے رہ گئی۔۔۔۔۔ پھر شو ختم ہواتوارد گرد توجہ گئی۔

آج کل یہ کیمرہ مینی اور فوٹوگرافی کی عادت ہر طرف عام ہے ۔ میں بھی اسی عادت میں مبتلا تھا اور بہت شدت سے تھا۔مگر کچھ دن پہلے ہی میں نے اپنی اس عادت پر قابو پانا شروع کیا۔ میرے خیال میں کسی بھی تقریب ، محفل، منظر یا موقع کو دیکھنے اور لطف اندوز ہونے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اس کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں ، محسوس کریں اور اپنے اندر سموہیں ۔ مگر ہم ایسے وقت کے شروع ہوتے ہی موبائل تھام کر اپنی کیمرہ مینی جتانا شروع کر دیتے ہیں۔ اور موقع پر موجود رونق اور خوشیوں کو کیمرہ میں قید کرنے کی فکر کرنے لگتے ہیں تاکہ ہم سٹیٹس لگا سکیں، دوستوں کو دکھا سکیں اور تائید بھرے کمنٹس سے اپنی سوشل میڈیا اکاؤنٹس چمکا سکیں۔ مگر سب بے فائدہ۔ دوسروں کو ہمارے ان کارناموں سے کوئی غرض نہیں ہوتی ۔ جیسے ہم دوسروں کی پوسٹس اور سٹیٹس کو بغیر دیکھے لائک اور شئیر کرنے کے عادی ہوتے ہیں بالکل دوسروں کا بھی یہی رویہ ہوتا ہے۔ لہذا اب میں کسی بھی موقع پر پہلے دو چار منٹ کیمرہ میں قید کر کے موبائل جیب میں ڈال لیتا ہوں اور موقع سےبھرپور لطف اٹھاتا ہوں۔

آج دوسراشو شروع ہوا تو میں نے شو کی بجائے ارد گرد نظر ڈالی۔ تقریباً تمام خواتین و حضرات، لڑکے لڑکیاں موبائل تھامے ہوئے پانی کے رقص کی ویڈیوز بنا رہے تھے۔ حالانکہ اسی پارک کی ویڈیوز یوٹیوب اور دوسری ویب سائٹس پہ موجود ہیں مگر ہم سب ایک بےفائدہ کام شروع کر دیتے ہیں۔ کئی مائیں اپنے بچوں سے بےخبر ویڈیو بنانے میں مصروف، کئی مرد حضرات بیوی بچوں سے لاتعلق کیمرہ فوکس کیے ہوئے تھے۔

روزمرہ زندگی میں ویڈیوز اور سٹیٹس بہت ضروری ہو گیا ہے۔ دوسروں کو مرعوب کرنے اور اپنی دھاک بٹھانے کا یہ دھندہ بہت عام ہوگیا ہے۔ نہ وقت و حالات کا خیال نہ جگہ موقع کی فکر، بس سٹیٹس اور پوسٹ نہیں رہنی چاہیے۔

ایک موصوف کو نئی نوکری ملی۔ موصوف نے پہلے دن حاضری دیتے ہی تصویر بنائی اور سٹیٹس لگا دیا۔ ساتھ ہی وہی تصویر فیس بک پر سجا دی۔ نظر پڑی تو دیکھا موصوف دفتر کے واش روم میں کھڑے سامنے شیشہ دیکھتے ہوئے تصویر بنا بیٹھے۔ اور شیشہ انکے عقب کی اشیاء کو عیاں کر رہاتھا۔ مشکل سے ہنسی ضبط کرتے ہوئے مبارکباد کا پیغام بھیجا۔

ایک اور موصوف کی والدہ بیمار تھیں۔ ایک دن میں دفتر سے گھر آیا تو پتا چلا کہ انکی والدہ ہسپتال پہنچ چکی ہیں۔ کال ملائی ۔ حال احوال پوچھا تو موصوف بولے "والدہ کو ہسپتال داخل کرایا ہے۔ طبیعت کافی خراب ہے۔ سٹیٹس بھی لگا دیاتھا شاید آپ نے دیکھا ہو"۔ سٹپٹا گئے۔ کیونکہ فیس بک دیکھنا اورویٹس ایپ میسجز پر نظر رکھنا ہی اتنا مشقت طلب کام ہےکہ سٹیٹس دیکھنے کا وقت ہی نہیں ملتا۔ بعد میں خصوصی طور پر موصوف کا سٹیٹس دیکھا تو ہسپتال کے بستر پر نیم بے ہوش ماں کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لیے فاتحانہ انداز سے تصویر بنوائی۔ نیچے عبارت لکھی ہوئی "والدہ کے لیے دعاؤں کی درخواست ہے".

اب تو فیس بک پر ایسے پیغامات بھی پڑھنے کو ملتے ہیں "والد صاحب کا انتقال ہوگیا ہے۔ جنازے کا اعلان بعد میں ہوگا" ۔ "بڑا بھائی فوت ہوگیا ہے۔ دعاؤں میں یاد رکھیے گا"

رمضان میں سحری افطاری اور افطار بوفے اڑاتے لوگوں کے سٹیٹس اور تصاویر دیکھنا تو عام ہے اور یہ کام رمضان کی مبارک گھڑیوں میں سب عبادات سے بڑھ کر کیا جاتا ہے۔

حج عمرہ پر بھی سٹیٹس اور تصاویر کی اپ لوڈنگ جاری رہتی ہے۔ کیا کریں شاید رب اپنے حقوق تو معاف کردے مگر حقوق العباد کی سخت وعید ہے۔ مبادا کسی بھی سٹیٹس یا تصویر کی بروقت اپ لوڈنگ رہ جانے سے کسی کی دل آزاری ہو جائے ۔ ایک صاحب کی ویڈیو نظر سے گزری۔ محترم عمرہ کی سعادت حاصل کر رہے ہیں اور ساتھ ساتھ ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال رہے ہیں۔ تاکہ کل کو سند رہے اور قبر میں منکر و نکیر کو جوابات دیتے ہوئے ثبوت کے طور پر پیش کی جا سکے۔

میلاد کی ایک محفل میں مدعو تھے۔ پہنچے تو محفل عروج پر۔ باادب بیٹھے ۔ مگر یہ کیا سب لوگ ذکر و تسبیح کے ساتھ ساتھ ویڈیوز بنانے میں مصروف ۔ ہر شخص کچھ دیر پعد خود پر کیمرہ لگا کر زیادہ خشوع و خضوع کا اظہار کرتا۔ عوام تو ایک طرف مہمان خصوصی کو تقریر کا بلاوا آیا تو انھوں نے بھی ایک ہاتھ میں مائیک پکڑا اور دوسرے ہاتھ سے اپنا موبائل ایک شخص کو تھمایا۔ پھر جناب کے ساتھی نے ویڈیو بنانا شروع کی تو خطابت میں بھی خوب جوش و خروش پیدا ہونے لگا۔

ایک دن دفتر کے ساتھیوں نے ایک لنچ کا پروگرام بنایا۔ ہم بھی ساتھ شامل کیے گئے۔ ایک ہوٹل پر جا پہنچے۔ کھانے کے انتظار میں سب دوستوں نے اپنے موبائل نکال لیے اور پھر ہوٹل میں بیٹھے سیلفیاں بنائی گئیں اور اپ لوڈ۔ کھانا لگا تو خواتین ساتھیوں نے کھانے کو ہاتھ لگانے سے ٹوک دیا۔ پھر ایک خاتون نے پورے کھانے کی ایک ویڈیو بنائی۔ ایک ایک ڈش، ایک ایک ڈونگے کو فوکس کیا گیا، چٹنی،رائتہ، سلاد اور بوٹیوں کو بہت قریب سے دکھایا گیااور کھانا شروع ہونے سے پہلے سٹیٹس اپ لوڈ ۔ تب کھانے کو چکھنے کی اجازت ملی۔ مگر کھانا ٹھنڈا ہونے کے ساتھ ساتھ بے ذائقہ بھی نکلا۔ سب لوگ کافی افسردہ ہوئے مگر سوشل میڈیا کی تصاویر اور سٹیٹس خوب داد سمیٹ رہے تھے۔ بلکہ اب تک سمیٹ رہے ہیں۔

شادی بیاہ پر ایک کیمرہ مین تو میزبانوں کی طرف سے ویڈیو اور تصاویر بنانے کے لیے بک کیا جاتا ہے مگر اسکے شاٹس سے کئی زیادہ عوام اپنے موبائل فونز میں شاٹس لے چکی ہوتی ہے۔ میرے خیال میں دلہا دلہن والے صرف عوامی تجربات کو اکھٹا کرلیں تو شادی کی ویڈیو، تصاویر اور فوٹو شوٹ پر اٹھنے والا خرچ کسی اور مقصد میں لگایا جا سکتا ہے۔ پھر بھی فضول خرچی منظور ہے تو حاضرین کی دلچسپی کے لیے کچھ مزید بندوبست کرلیا جائے۔ اب تو دلہا دلہن کا فوٹو شوٹ شادی کے لوازمات کا ایک اہم حصہ ہے۔ اور عموماً کیمرہ مین کی تصاویر سے پہلے دلہا دلہن کے کسی خاص ساتھی کی لی گئی تصاویر اس فوٹو شوٹ کو سٹیٹس کے ذریعے اپنے پراؤں تک پہنچ جاتی ہیں۔

ایک عید پر بزرگوں کی قبور پر حاضری دینے گئے ۔ ابھی ہم نے دعا کے لیے ہاتھ اٹھائے تھے کہ ایک قریبی قبر پر کچھ خواتین و حضرات فاتحہ خوانی کر کے آمین کہہ رہے تھے۔اسکے بعد تینوں خواتین اور دونوں لڑکوں (بہن بھائی) نے موبائل نکالے اور دو قبروں کے کتبوں کے ساتھ کھڑے ہوکر تصاویر بنوائیں۔ آخر میں سب سے چھوٹی محترمہ نے ویڈیو بنائی جس میں اپنی کمنٹری بھی شروع کر دی۔ "ہائے ماما پاپا!آج عید ہے۔ اور ہم آپ سے ملنے آئے ہیں۔ یہ بڑی آپی، چھوٹی آپی، گڈو اور بلو ہیں۔ ہم سب آپکو بہت یاد کرتے ہیں۔ مس یو مام، لو یو ڈیڈ..... اوکے با۔۔۔۔۔۔۔۔ئے..۔۔۔۔۔" اور پھر محترمہ نے ایک منٹ بعد سب کو بتایا کہ سٹیٹس لگا دیا ہے۔ بڑی محترمہ نے اسے تھپکی دی ، دونوں لڑکے بھی مطمئن ہو گئے۔ یقین جانیے وہ دن آج کا دن جب قبرستان گئے، یہ منظر آنکھوں کے سامنے آگیا۔ اور پھر اپنے بزرگوں سے شرمندگی ہونے لگی کہ ایسی بے باک اور اعلانیہ محبت ہم کیوں نہ جتا سکے۔ بہت بار عمل کرنے کا خیال گزرا مگر یہ سوچ کہ لوگ کیا کہیں گے چپکے ہوگئے۔ البتہ ہر دعا کے بعد دل ہی دل میں اگلی بار یہ والہانہ پن دکھانے کا ارادہ ضرور کرتے ہیں۔

غرض ہر طرف سٹیٹس، تصاویر، سوشل میڈیا اور کمنٹس کی بھرمار ہے۔ ہم جی رہے ہیں مگر ایک مصنوعی زندگی۔ دکھاوا، نمائش اور اپنا آپ جتانے کی کوشش میں۔ ہم کمنٹس، لائکس اور شئیر میں جی رہے ہیں۔ ہم اپنے ارد گرد لوگوں کے ساتھ بات چیت سے بھی گریز کرتے ہیں مگر ہر وقت میلوں دور لوگوں سے رابطہ رکھنے میں مصروف رہتے ہیں۔ہم کتاب یا اخبار نہیں پڑھتے مگر سوشل میڈیا پر بتائی جانے والی جھوٹی سچی خبریں اور واقعات پڑھتے ہیں اور اسے اپنے علم میں اضافے کا باعث سمجھتے ہیں۔ ہم زندگی کا کوئی لمحہ جینے سے پہلے دوسروں کو اسکی تصویر دکھانے لگتے ہیں۔ ہم زندگی کا ہر رنگ اپنی آنکھ سے دیکھنے کی بجائے دوسروں کے کمنٹس میں دھونڈتے ہیں۔ یہی وجہ ہے آجکل تفریح،سکون اور خوشیوں کے ہزاروں مواقع ہونے کے باوجود ہم بے چین رہتے ہیں۔ کیونکہ ہم اپنی زندگی نہیں جیتے بلکہ ہم دوسروں کی پسند و نا پسند کی زندگی جینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جو کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی ۔

دس منٹ بعد یہ شو ختم ہوا مگر مجھے یقین ہے کہ وہاں موجود لوگوں میں سے دس فیصد نے بھی یہ سب اپنی آنکھ سے نہ دیکھا ہوگا۔ اب وقفہ شروع ہوا تو سب لوگوں نے بنائی گئی ویڈیو پر ایک تنقیدی نظر ڈالی۔ اور پھر یہ ویڈیوز بھی سٹیٹس اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپ لوڈ کر دی گئیں۔ کمنٹس کے لیے۔

مزید پڑھیے

سب دیکھیں
منتخب

ٹیوشن سنٹر

ٹیوشن سنٹر ابا جی کے مشورے پر میں ایک سفید چارٹ اور کالا ماکر لے آیا اور اپنی ٹوٹی پھوٹی لکھائی میں "ٹیوشن سنٹر ۔ شام 5 بجے سے…

9 منٹ کا مطالعہ

مردِ قلندر کی یاد میں

یہ مرحوم پروفیسر ڈاکٹر سہیل احمد کا ایک مختصر ادبی خاکہ ہے، جس میں ان کی درویش صفت شخصیت، منفرد تدریسی انداز اور شفیق رویے کو…

ڈاکٹر سلام اللہ7 منٹ کا مطالعہ