ہر سال یومِ اقبال (9 نومبر) پر میری کوشش ہوتی ہے کہ اس روز علامہ اقبال کے حوالے سے منعقد ہونے والی کسی نہ کسی تقریب یا سرگرمی میں ضرور شرکت کی جائے اور اس عظیم ہستی کو اپنے تئیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جائے ۔ کچھ دن پہلے ہی شہرِ اقبال کے باسی ایک دوست نے یومِ اقبال کے سلسلے میں اقبال منزل سیالکوٹ پرمنعقد ہونے والی ایک تقریب کا دعوت نامہ بھیجا تو سو اسے اپنے لیے ایک بڑا اعزاز سمجھتے ہوئے اسلام آباد سے شہرِ اقبال کی طرف رختِ سفر باندھا اور وقتِ مقررہ پر اقبال منزل پہنچ گئے۔
یہاں پر بہت زیادہ رش کی وجہ سے وقتی طور پر کچھ پریشانی تو ہوئی لیکن اتنی بڑی تعداد میں لوگوں، بالخصوص نوجوانوں کو دیکھ کر خوشی بھی ہوئی کہ اقبال سے محبت اور عقیدت کا جذبہ ابھی زندہ ہے اور نئی نسل بھی اس مردِ درویش کے آستانے پر حاضری دینے کا بھرپور شوق رکھتی ہے۔ البتہ اس جمِ غفیر میں کچھ تماش بین اور ہلڑ باز بھی دکھائی دیے ، جنہیں اقبال کی محبت نہیں بلکہ ان کی شوریدہ مزاجی یہاں کھینچ لائی تھی۔
بہرحال، اپنے میزبان کی وساطت سے جیسے تیسے اقبال منزل کے اندر داخل ہوئے تو سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے چند اکابرین، دیگر معزز مہمانوں اور اقبال منزل کے منتظمین سے ملاقات ہوئی۔ اقبال ہاؤس کو نہایت اہتمام سے سجایا گیا تھا۔ عمارت کے در و دیوار مختلف بینروں، غباروں اور پھولوں سے آراستہ تھے۔ سکول کے بچے مترنم آوازوں میں کلامِ اقبال پیش کر رہے تھے اور حاضرین میں سے بعض اس پر جھومتے بھی دکھائی دے رہے تھے۔ بلاشبہ ایک روح پرور اور مسحور کن سماں تھا۔ یوں محسوس ہو رہا تھا جیسے اس وقت اقبال کا شہر اپنے عظیم سپوت کی یاد میں عقیدت کے پھول نچھاور کر رہا ہو۔مگر کیا معلوم تھا یہ کیفیت بہت عارضی ہے۔
کچھ دیر بعد دو بڑے بڑے کیک لائے گئے اور ایک میز پر نہایت اہتمام سے سجا دیے گئے۔ پھر علامہ اقبال کی سالگرہ کی مناسبت سے کیک کاٹنے کی رسم ادا کی گئی۔ یہاں تک سب کچھ بخیر و خوبی چلتا رہا اور تقریب کا ماحول پُرسکون، مہذب اور عقیدت مندانہ رہا۔ مگر جونہی کیک پر چھری چلی تو پھر کچھ نہ پوچھیے، سارا منظر یکسر بدل گیا۔ چند لمحے پہلے تک جو لوگ انتہائی سنجیدہ اور کلامِ اقبال میں مدہوش اور نیم بے ہوش دکھائی دے رہے تھے، کیک پر چھری پھرتے ہی ایک دم ایسے ہوش میں آئے جیسے یہ چھری ان کے بدن پر چلی ہو۔ اب ان کے اندر بالکل ایک مختلف انسان بیدار ہو گیا تھا جس کی لپک، پلٹ، جھپٹ جیسی تمام صلاحیتیں بھی پوری آب و تاب کے ساتھ جاگ اٹھی تھیں۔ بالخصوص چند شوریدہ سروں کا ایک گروہ، جو غالباً اسی لمحے کا منتظر تھا، کیک پر یوں ٹوٹ پڑا جیسے کسی قحط زدہ علاقے میں امدادی سامان تقسیم ہو رہا ہو اور وہ کئی برسوں کے بھوکے ہوں۔
اسی دوران میرے پیچھے کھڑے ایک شخص نے تقریباً چیختے ہوئے اپنے دوسرے ساتھیوں کو مطلع کیا ’’او کیک گیا جے‘‘، ایک ایسی ہی اور آواز آئی ’’میرا حصہ میرے الے سٹ دے‘‘۔بس پھر کیا تھا، دھکم پیل، بھاگ دوڑ، شور شرابہ اور ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی ایسی دوڑ شروع ہوئی کہ اقبال منزل ایک میدانِ کارزار کا منظر پیش کرنے لگی، جس میں میرے جیسے فقط اپنی جان اور کپڑے بچانے کے چکر میں تھے۔ ہمارے میزبان بھی کہیں نظر نہیں آرہے تھے۔ اسی اثنا میں ایک صاحب اپنے دونوں ہاتھ کیک سے بھرے ، جوشِ مسرت سے بھاگتے ہوئے مجھ سے آٹکرائے اور ہاتھوں میں بھرے کیک کو محفوظ کرتے ہوئے بڑے غصے سے مجھے دیکھا۔پہلے تو موصوف یہ سمجھ بیٹھے کہ ان سے کیک چھیننے کے لیے میں ان پر جھپٹا ہوں، مگر جیسے ہی اصل صورتِ حال کا ادراک ہوا ، بھاگ نکلے۔ البتہ جاتے جاتے وہ میرے کوٹ اور ٹائی پر اپنی اس ’’فتح‘‘ کے نشان ضرور ثبت کر گئے۔ایک باباجی بھی اس معرکے میں پوری تندہی سے شریک دکھائی دیے۔ان کی داڑھی اور مونچھیں جو چند لمحے پہلے تک سفید تھیں، سبز کیک کی آمیزش سے اب سبزی مائل ہو چکی تھیں ۔ایک اور مردِ مجاہد کو دیکھا کہ وہ اپنی سفید قمیض کی جھولی میں کیک کے چند ٹکڑے ڈال کر بھاگا جا رہا تھا اور ساتھ ساتھ کھا بھی رہا تھا۔آخر میں شہرِ اقبال کے ایک شاہین نے پلک جھپکنے میں بچے کھچے کیک کو اٹھایا اور اپنے سر سے بھی بلند کرتے ہوئے، تا کہ اسے کوئی چھو نہ سکے، باہر کی طرف دوڑ لگا دی۔ آدھا مجمع اس کے پیچھے دوڑتا ہوا چیخ رہا تھا ’’ایہنو پھڑو، ایہنو پھڑو، سارا لے گیا جے‘‘۔ اس طرح ایک عظیم ہستی کی یاد میں ، ایک عظیم مقام پر منعقد ہونے والی یہ ’’یادگار تقریب‘‘ اپنے اختتام کو پہنچی۔ ۔۔
مگر یہ تقریب مجھ سمیت کئی حاضرین کے ذہنوں میں ان گنت سوالات چھوڑ گئی۔ ہماری بدقسمتی دیکھیے کہ ہم تقریروں میں اقبال کی عظمت کے قصیدے پڑھتے ہیں، ان کے اشعار کا پرچار کرتے ہیں اور ان کی سال گرہ پر رسمی طور پر کیک بھی کاٹ لیتے ہیں، مگر عملاً نہ صرف بطور قوم بلکہ انفرادی حیثیت میں بھی ان کے افکار، تعلیمات، پیغامِ خودی، بلند نگاہی اور مردِ مومن کے تصور سے کوسوں دور ہیں۔ ہوس، لالچ اور مفت خوری نے ہماری ذہنی و اخلاقی سطح کو اس قدر پست کر دیا ہے کہ مالِ مفت کی ایک معمولی سی شے بھی ہماری تہذیب، شائستگی اور اجتماعی شعور پر اس قدر غالب آجاتی ہے کہ پھر ہمیں نہ مقام کا تقدس یاد رہتا ہے، نہ موقع کی مناسبت اور نہ ہی کسی نسبت کا احترام۔ بس مالِ مفت ہاتھ آنا چاہیے، خواہ وہ مسٹر پتلو کا شادی گراؤنڈ ہو یا علامہ اقبال کا گھر، اقبال منزل ۔۔۔۔رگوں میں وہ لہو باقی نہیں ہے ۔۔ وہ دل، وہ آرزو باقی نہیں ہے ۔۔نماز و روزہ و قربانی و حج ۔۔تو سب باقی ہے، تو باقی نہیں ہے