اُردو ادب کی تاریخ میں کچھ نام ایسے ہیں جو محض اپنے تخلیقی سرمایے کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنے عہد کی تہذیبی، فکری اور ادبی نمائندگی کے باعث بھی ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ افتخار عارف بھی اردو ادب کی ایسی ہی معتبر شخصیات میں سے ایک ہیں۔ ان کا نام آتے ہی تہذیب، شائستگی، لفظ کی حرمت، فکری گہرائی اور ایک مخصوص ادبی وقار کا احساس دل میں جاگ اٹھتا ہے۔ وہ محض ایک شاعر نہیں بلکہ اردو زبان و ادب کی ایک پوری روایت کے امین ہیں۔ ان کی شخصیت میں لکھنؤ کی تہذیب کی نفاست بھی ہے اور ہمارے عہد کے فکری اضطراب کی بازگشت بھی۔
میرے عہد کے مشاہیر پر قلم اٹھاتے ہوئے آج جس شخصیت کا ذکر کرنے کی جسارت کر رہا ہوں، وہ محترم افتخار عارف صاحب ہیں۔
افتخار عارف صاحب سے میرا پہلا تعارف پاکستان ٹیلی وژن کے معروف پروگرام ’’کسوٹی‘‘ کے ذریعے ہوا۔ یہ وہ زمانہ تھا جب ہم شعور کی ابتدائی منازل طے کر رہے تھے۔ ٹیلی وژن ہمارے لیے محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ علم، ادب اور شخصیات سے شناسائی کا ایک اہم وسیلہ بھی تھا۔ کسوٹی کے اس علمی ماحول میں افتخار عارف صاحب کی موجودگی نے پہلی مرتبہ ان کے نام کو ہمارے ذہن میں محفوظ کر دیا۔
بعدازاں جب اسلام آباد آمد ہوئی تو محسوس ہوا کہ اس شہر کی علمی و ادبی فضا میں افتخار عارف صاحب کا نام ہر طرف گونج رہا ہے۔ کہیں اردو زبان کے فروغ کی بات ہو، کہیں ادبی اداروں کی سرگرمیوں کا ذکر ہو یا کہیں کسی علمی و ادبی تقریب کا تذکرہ، افتخار عارف صاحب کا حوالہ ضرور سامنے آتا۔ ادارہ فروغِ قومی زبان ہو یا اکادمی ادبیات پاکستان، ان اداروں کی سربراہی اور علمی و انتظامی ذمہ داریوں کے حوالے سے ان کی خدمات نے انہیں قومی ادبی منظرنامے میں ایک نمایاں مقام عطا کیا۔
پھر ان کی کتاب ’’شہر علم کے دروازے پر‘‘ پڑھنے کا اتفاق ہوا۔ اس مطالعے کے بعد ان کی شخصیت اور علمی مرتبے کے بارے میں ہماری رائے مزید مستحکم ہوئی۔ یہ محض ایک کتاب نہیں بلکہ علم، مطالعے، مشاہدے اور فکری وابستگی کا ایسا اظہار تھا جس نے ہمارے ذہن میں افتخار عارف صاحب کے مقام کو مزید بلند کر دیا۔
ان کی شاعری سے شناسائی پہلے ہی ہو چکی تھی، لیکن شعر و سخن کی مختلف محافل میں انہیں براہِ راست سننے کا موقع ملا تو احساس ہوا کہ بعض شعرا کا کلام کتاب میں پڑھنے سے زیادہ ان کی اپنی آواز میں سننے سے اثر پیدا کرتا ہے۔ افتخار عارف صاحب کا اندازِ قرأت، ٹھہراؤ، لفظوں کی ادائیگی اور شعر کے باطن تک پہنچنے کا سلیقہ انہیں اپنے ہم عصروں سے ممتاز کرتا ہے۔
ان کی شاعری کا بنیادی وصف یہ ہے کہ وہ روایت سے رشتہ بھی قائم رکھتی ہے اور عصرِ حاضر کے سوالات سے مکالمہ بھی کرتی ہے۔ ان کے ہاں کربلا کا استعارہ محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ حق و باطل کی کشمکش، انسانی استقامت اور اخلاقی ذمہ داری کی علامت بن کر سامنے آتا ہے۔ ان کے اشعار میں مذہبی و تہذیبی شعور، ہجرت کا دکھ، وطن سے وابستگی، انسانی بے بسی، سیاسی جبر اور زندگی کی ناپائیداری جیسے موضوعات پوری شدت کے ساتھ موجود ہیں۔
ان کا ایک شعر دیکھیے:
؎ مرے خدا مجھے اتنا تو معتبر کر دے
میں جس مکان میں رہتا ہوں اس کو گھر کر دے
یہ دو مصرعے بظاہر ایک سادہ سی دعا ہیں، لیکن ان کے اندر ایک پوری انسانی زندگی کا کرب سمٹ آیا ہے۔ مکان اور گھر کے فرق کو جس سادگی اور گہرائی سے بیان کیا گیا ہے، وہ افتخار عارف کے شعری ہنر کی دلیل ہے۔ گھر صرف دیواروں اور چھت کا نام نہیں، اس میں محبت، اپنائیت، تحفظ اور رشتوں کی حرارت شامل ہوتی ہے۔
اسی طرح ان کا یہ جہاں کلاسیکی غزل کی روایت، محبوب سے مکالمہ اور لفظوں کی دل نشینی ایک ساتھ دکھائی دیتے ہیں۔
افتخار عارف صاحب کی شاعری کا ایک اہم حوالہ ان کی نظم ’’بغداد‘‘ اور ان کا طویل نظماتی و فکری سرمایہ بھی ہے۔ ان کے ہاں تاریخ محض ماضی کا بیان نہیں بلکہ حال کے زخموں کو سمجھنے کا وسیلہ ہے۔ وہ اپنے عہد کے سیاسی اور انسانی المیوں کو تہذیبی تناظر میں دیکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی شاعری کسی ایک زمانے یا خطے تک محدود نہیں رہتی بلکہ انسانی تجربے کی وسعت اختیار کر لیتی ہے۔
ان کے شعری مجموعوں میں ’’مہرِ دونیم‘‘، ’’حرفِ باریاب‘‘، ’’جہانِ معلوم‘‘ اور ’’باغِ گلِ سرخ‘‘ کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ ان کی شاعری میں لفظوں کا انتخاب، استعاروں کی معنویت، کلاسیکی روایت سے وابستگی اور فکری تہہ داری نمایاں خصوصیات ہیں۔ وہ مشکل بات کو بھی اس سلیقے سے شعر میں ڈھالتے ہیں کہ قاری دیر تک اس کے معنی کی پرتیں کھولتا رہتا ہے۔
افتخار عارف صاحب کی شخصیت کا ایک پہلو ان کی ادارہ جاتی خدمات بھی ہیں۔ انہوں نے اردو زبان کے فروغ کے لیے مختلف اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔ پاکستان ٹیلی وژن سے وابستگی کے بعد ادارہ فروغِ قومی زبان اور اکادمی ادبیات پاکستان کی سربراہی تک ان کا سفر اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ صرف تخلیقی دنیا کے آدمی نہیں بلکہ اردو زبان کے ادارہ جاتی استحکام کے لیے بھی سرگرم رہے۔ بعدازاں بین الاقوامی سطح پر بھی اردو کے حوالے سے ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں انہیں متعدد اعزازات سے نوازا گیا، جن میں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی اور ستارۂ امتیاز بھی شامل ہیں۔
ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی صدارت میں ہونے والی ادبی تقریبات میں شرکت کا سلسلہ شروع ہوا۔ ہمیں باقاعدگی سے ان محافل میں جانے اور انہیں براہِ راست سننے کا موقع ملتا رہا۔ ایک دو مرتبہ خواہش ہوئی کہ ان کے پاس جا کر ملاقات کی جائے، مگر یہ کوشش کامیاب نہ ہو سکی۔ رفتہ رفتہ ہمارے ذہن میں یہ تاثر پیدا ہونے لگا کہ شاید افتخار عارف صاحب عام لوگوں سے زیادہ میل جول پسند نہیں کرتے۔ بسا اوقات کسی بڑی شخصیت کے گرد قائم فاصلہ اس کی شخصیت کے بارے میں ایسے تصورات پیدا کر دیتا ہے جن کی حقیقت کچھ اور ہوتی ہے۔
اسی دوران محترم محبوب ظفر صاحب سے روابط استوار ہوئے۔ وہ افتخار عارف صاحب کو محبت اور عقیدت سے ’’افتخارِ اردو‘‘ کہا کرتے تھے۔ ان کے توسط سے افتخار عارف صاحب کے قریب جانے اور انہیں براہِ راست جاننے کے مواقع میسر آئے تو ایک بالکل مختلف شخصیت سے ملاقات ہوئی۔ معلوم ہوا کہ جس شخصیت کو ہم دور سے قدرے محتاط اور فاصلہ رکھنے والا سمجھ رہے تھے، وہ تو سراپا محبت ہے۔ ان کی گفتگو میں شفقت، رویے میں اپنائیت اور ملنے والوں کے لیے ایک خاص احترام موجود ہے۔ یوں ہمارے ذہن میں قائم بعض تصورات بدل گئے اور یہ احساس ہوا کہ کسی شخصیت کو دور سے دیکھ کر اس کے مزاج کا فیصلہ نہیں کرنا چاہیے۔
یہ بھی حقیقت ہے کہ افتخار عارف صاحب کے چاہنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، لیکن ہر بڑی ادبی شخصیت کی طرح ان سے اختلاف رکھنے والے بھی موجود ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کے بارے میں کبھی سخت اور نامناسب گفتگو بھی دیکھنے کو ملتی ہے، لیکن ان کا کمال یہ ہے کہ انہوں نے عموماً خاموشی اور وقار کو اپنا جواب بنایا۔ وہ ہر الزام، ہر تنقید اور ہر غیر ضروری بحث کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھتے۔ میرے نزدیک یہ ان کے ظرف اور شخصیت کے وقار کی علامت ہے۔ اختلاف اپنی جگہ، مگر کسی کی علمی و ادبی خدمات کا اعتراف اور اس کے شخصی وقار کا احترام بھی ہماری تہذیبی ذمہ داری ہے۔
افتخار عارف صاحب کو سمجھنے کے لیے صرف ان کی شاعری پڑھنا کافی نہیں، ان کے عہد، ان کے مطالعے، ان کے تہذیبی پس منظر اور اردو زبان سے ان کی وابستگی کو بھی سمجھنا ضروری ہے۔ وہ اس نسل کے نمائندہ شاعر ہیں جس نے تقسیم کے بعد کے معاشرتی اور تہذیبی تجربات کو اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ لکھنؤ کی علمی و ادبی فضا نے ان کی شخصیت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے لہجے میں شائستگی، گفتگو میں تہذیبی رکھ رکھاؤ اور شاعری میں کلاسیکی روایت کی خوشبو محسوس ہوتی ہے۔
لکھنؤ کی تہذیب محض لباس، زبان اور آداب کا نام نہیں بلکہ یہ اختلاف کے باوجود احترام، گفتگو میں سلیقے اور تعلقات میں وضع داری کا نام بھی ہے۔ افتخار عارف صاحب کی شخصیت میں اس تہذیب کی جھلک آج بھی دیکھی جا سکتی ہے۔
ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں اپنے عہد کی اس معتبر ادبی شخصیت کو نہ صرف پڑھنے بلکہ سننے اور قریب سے دیکھنے کا موقع بھی ملا۔ ایسے لوگ کسی ایک شہر، ادارے یا ادبی حلقے کی ملکیت نہیں ہوتے، وہ پورے عہد کا سرمایہ ہوتے ہیں۔ ان کی موجودگی نئی نسل کے لیے ایک زندہ ادبی حوالہ ہے۔
افتخار عارف صاحب نے اپنی شاعری، علمی خدمات اور تہذیبی رویے سے اردو ادب میں جو مقام حاصل کیا ہے، وہ کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ ان کے نام کے ساتھ افتخار کا لفظ محض ایک نام کا حصہ نہیں بلکہ اردو زبان و ادب کے لیے ان کی خدمات کا ایک خوبصورت حوالہ بھی محسوس ہوتا ہے۔
اللہ تعالیٰ انہیں صحت، سلامتی، عمرِ دراز اور قلم کی توانائی عطا فرمائے۔ ان کا سایہ اردو ادب پر قائم رہے اور آنے والی نسلیں ان کے علمی و ادبی سرمایے سے فیض یاب ہوتی رہیں۔
ان کا کلام
مدحت شافع محشر پر مقرر رکھا
شہر علم کے دروازے پر
کربلا کی خاک پر کیا آدمی سجدے میں ہے
ابو زر غفاری کے لیئے ایک نظم
ابو طالب کے بیٹے
کیا شاندار کلام ہے۔۔۔