تبصرہ · نثرProse

میرے خوابِ طلب میں

نورین طلت عروبہ
میرے خوابِ طلب میں

"نعت" عربی زبان کا ایک اہم مادہ ہے۔ اس کا مطلب ایسے الفاظ اور تعبیرات کا مجموعہ ہے جو کسی شخص، شے یا خیال کی تعریف و توصیف کے لیے استعمال ہوں۔ عربی زبان میں تعریف و توصیف کے لیے متعدد الفاظ پائے جاتے ہیں، جیسے حمد، ثنا، مدح وغیرہ۔ تاہم لفظ مدح کو نبیِ کریم ﷺ کے اوصافِ حمیدہ اور فضائل بیان کرنے کے لیے خاص اہمیت حاصل ہے۔

فارسی، ترکی اور اردو زبانوں میں نعت سے مراد رسولِ اکرم ﷺ کی تعریف و توصیف پر مبنی شاعری ہے۔ نعت، رسولِ مقبول ﷺ سے عقیدت، محبت اور وابستگی کے جذبات کا اظہار کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔ اردو زبان میں نعتیہ شاعری کی معروف اصناف میں قصیدہ، سلام اور نعت شامل ہیں۔

دنیا کی ہر زبان میں شعراء نے اپنے اپنے انداز میں حضورِ اکرم ﷺ کی مدح و ثنا کی ہے۔ انہی نعتیہ روایات نے نعت کو ایک مستقل صنفِ سخن کی حیثیت عطا کی۔ نعتیہ ادب میں عشقِ رسول ﷺ، سیرتِ طیبہ، اخلاقِ حسنہ اور تعلیماتِ نبوی ﷺ کو نہایت خوبصورتی سے بیان کیا جاتا ہے۔

عربی زبان کے بعد فارسی، نعتیہ شاعری کی ایک اہم زبان سمجھی جاتی ہے۔ فارسی کے عظیم شعراء نے محبتِ رسول ﷺ کو اپنے کلام کا مرکز بنایا اور نعت کو بلند ادبی مقام عطا کیا۔ بعد ازاں اردو زبان نے اس روایت کو مزید وسعت دی اور بے شمار شعراء نے اپنے دل کی عقیدت کو نعت کے قالب میں ڈھالا۔

نعت کا بنیادی مقصد حضور نبیِ کریم ﷺ سے محبت، عقیدت اور احترام کا اظہار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نعت ہر دور میں مسلمانوں کے دلوں کی آواز رہی ہے اور آئندہ بھی اہلِ ایمان کے لیے روحانی تسکین اور محبتِ رسول ﷺ کا ایک مؤثر ذریعہ بنی رہے گی۔

نعتِ رسول مقبول نظم اور نثر دونوں میں لکھی گئی اور دونوں میں یکساں مقبول ہے۔نجاشی کے دربار میں حضرت جعفر طیار کا خطبہ نعتیہ نثر کی عمدہ مثال ہے۔ اردو زبان میں شبلی نعمانی کی "ظہور قدسی" اور سید سلمان ندوی کے "خطبات مدارس" نثری نعت کے طور پر معروف ہیں۔

دنیا کی ہر زبان میں بے شمار الفاظ ہیں لیکن حمد و نعت کے تخلیق کاروں کے لیے وہ الفاظ بہت قیمتی ہو جاتے ہیں جن سے اللہ اور اور اس کے رسول کی تعریف و توصیف کا کام لیا جائے

لُغت میں موجود ذخیرۂ الفاظ کی طرح کائنات انسانوں سے بھری پڑی ہے۔ ان گنت شعبوں میں سے ایک شعبہ تخلیق کاروں کا بھی ہے۔ تخلیق کی اقسام بھی بے شمار ہیں۔ کم لکھنے والے ہیں جنہیں مدحت نگاری کا شرف عطا کیا گیا ہے ۔یہ ایک خاص کرم ہے، بہت بڑا اعزاز ہے کہ ربِّ دو جہاں اور سرکارِ دو عالم ﷺ کی تعریف و توصیف کسی قلم کا نصیب بنا دیا جائے ۔

اچھی حمد و نعت کہنے والی شاعرات بلا شبہ انگلیوں پر گِنی جا سکتی ہیں .مجھے نعت نگاری کے تقاضے پوری کرتی شاعرات کا کلام مسرور کرتا ہے اچھی حمد و نعت کہنے والی شاعرات بھلے حلقہء احباب میں شامل ہوں نہ ہوں ، میں ان سے رابطہ کر کے اپنی پسندیدگی ان تک ضرور پہنچاتی ہوں. رابعہ بتول کو جب میں نے پہلی مرتبہ پڑھا تو کلام نے میری توجہ کھینچ لی۔ میں نے حسبِ عادت اپنے تاثّرات بیان کیے.خلوص و محبت کا یہ سلسلہ کئی سال سے جاری ہے.

رابعہ بتول کی دوسری نعتیہ کتاب شائع ہونے کی خوشی میں مَیں بھی دل سے شریک ہوں کیونکہ رابعہ کی شعرگوئی میں تازہ مضامین، جدت طرازی اور سجا کر لکھنے کا عمل شاد کر دیتا ہے۔

سر سبز رہے تاکہ میری کشتِ تمنا

اشکوں کی نمی اس کو دیے جائے میرا دل

دوری کی کسک کو احساس اور اظہار سے دل آویز بنانا نعت گو شاعر کا ہنر ہے۔ یہی لب و لہجہ سادگی و سلاست سے سج کر بے ساختگی میں ڈھل جاتا ہے نعت ایک ٹھنڈے میٹھے چشمے کی شکل اختیار کر لیتی ہے جو دلوں کی زمینوں کو سیراب کرنے لگتا ہے۔

پیرایہ ء غزل میں کہی گئی نعوت مبارکہ جدید تر حیثیت کے ساتھ استعاراتی فضا بناتی تغزل آفرینی کے بہت سے دل کش نمونے ساتھ لاتی ہے

یوں سلیقے سے دھڑک ، آئے نہ آواز تری

یہ درِ شاہِ اُمم ہے، دلِ بے تاب! سنبھل

اللہ تعالی سے لے کر ملائک، انبیاء و رسل اور عام خطاکار انسان سب کے سب ثنائے مصطفی میں مصروف ہیں اور کیوں نہ ہو یہ تعریف و توصیف محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ہے کہ جن کی سیرت طیبہ کے بارے میں جتنا لکھا گیا دنیا بھر میں اور کسی کو یہ اعزاز حاصل نہ ہوا ۔

وہ شعراء خوش بخت ہیں جنہیں نعت گوئی کا شرف بخشا گیا رابعہ بتول کا شمار بھی ان نعت نگاروں میں ہے۔ یقیناً وہ اپنی فکری سرمائے سے کام لیتے ہوئے نعت کو چمنستان بنا دیں گی اور قارئین کو سامانِ نشاط میسر ہوگا۔

کہا جاتا ہے

"با خدا دیوانہ باش با محمّد ہوشیار"

مجھے یہ دیکھ کر اچھا لگا کہ حمد اور نعت کے باریک فرق کو رابعہ بتول نے سمجھا اور یاد رکھا، ادب و احترام کے تقاضے نبھائے، مبالغے سے خود کو دور رکھا ،سوچ سمجھ کر نعت کے موضوعات منتخب کیے اور سیرتِ طیّبہ کا مطالعہ کر کے تلمیح نگاری میں حقیقت بیان کرنے کی کوشش کی۔ جذبہ عقیدت کی فراوانی جو شاعرہ کے الفاظ میں جگمگاتی ہے دراصل ان کے باطن سے پھوٹتا وہ سچ ہے جو اوصاف حمیدہ کے بیان میں جلوہ گر ہے

ہوں شعبِ طالب کی سختیاں وہ کہ نیم شب کی وہ ہجرتیں ہوں

کبھی بھی لب پر نہیں شکایت نبی ءرحمت، شفیعِ امّت

اس ایک شعر میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ طیّبہ کے دو اہم واقعات کا ذکر موجود ہے۔ تلمیح نگاری نعت کا حسن ہوتی ہے اگر درست معلومات اور بیان کا سلیقہ ساتھ ساتھ چلتے ہوں . رابعہ نے شعر کہتے ہوئے دونوں پہلو مدنظر رکھے اور ہر لحاظ سے مکمل شعر کہنے میں کامیاب ہوئیں۔ تلمیح کی مثالیں ان کے اور کئی اشعار میں دیکھی جا سکتی ہیں جس سے شعر پر ان کی گرفت کے ساتھ ساتھ اسلامی تاریخ کا مطالعہ بھی دکھائی دیتا ہے اپنے بیان کردہ مضامین سے انصاف کرنے کے لیے تاریخی معلومات کا مطالعہ اہم ہے۔ رابعہ بتول کی نعت میں خلوص، جذبہء عقیدت و مودت اور وابستگی کے تاثرات نمایاں ہیں ۔معاصر نعت میں اپنا انداز جدا رکھنا بتدریج اس میدان میں پہچان کا مرحلہ آسان کرتا ہے۔

فارسی زبان میں کہتے ہیں

" نقاش نقش ثانی بہتر کشد ز اول"

خیرِکثیر کے نام سے رابعہ کا تازہ مجموعہ نعت اس مصرعے کی ترجمانی کرتا ہے اس میں بھی مختلف نعتیہ مضامین قاری کے ذہن و دل کو معطر کرتے ہیں۔

رابعہ نے چھوٹی بڑی بحروں میں نعت کہہ کر اپنا ایک آہنگ تراشا ہے جو یقینا معاصر نعت ادب میں خوشگوار اضافہ ہے ان کے اشعار پڑھ کر آپ اس خوشگواریت کو محسوس کر سکتے ہیں

وہی انبیاء کے امام ہیں

ہوئی ختم ان پہ پیغمبری

بس ایک نظر کی بات ہے کرم جو ہو تو کیا ہے پھر

مدینے سے ہزاروں میل کا طویل فاصلہ

ہر بات میری ان کے بنانے سے بنی ہے

یہ رحمتِ عالم ہی کی رحمت فگنی ہے

فاتح مکہ کی جانب سے مژدہ عام معافی تھا

دشمن جان ششدر تھے دیکھ کے رحم کے ایسے ایسے رنگ

رابعہ کے قلبی اور روحانی تسکین کا سامان کرتے نعتیہ اشعار کی چند مثالیں آپ کے سامنے ہیں۔

میری دعا ہے کہ یہ تازہ مجموعہ بھی قبولیت عام کا درجہ پائے رابعہ کے قلم کو مزید روانی عطا ہو خوب سے خوب تر کی جانب یہ سفر جاری و ساری رہے آمین ثم آمین۔ڈھیروں دعائیں ۔

مزید نثر

بکھرتی حسرت

افسانہ · نثر

بکھرتی حسرت

صبح کا وقت تھا اور سڑک پر تو دوڑ سی لگی ہوئی تھی۔ ہر شخص جلدی میں تھا۔ساڑھے آٹھ بجے کا وقت تھا۔ سکول کے چند بچے سکول کو بھاگ رہے تھے- دفاتر جانے والے…

توحید شاہ ہاشمی
دیواروں کے پیچھے

افسانہ · نثر

دیواروں کے پیچھے

سڑک پر زندگی رواں دواں تھی۔ ہر کوئی اپنی منزل کی طرف بھاگ رہا تھا۔ دفاتر کو جاتے لوگ، سامنے سٹاپ پر بسوں وغیرہ سے اترتے چڑھتےمسافر، سٹاپ پر موجود…

توحید شاہ ہاشمی