غزل گائیکی کے اسالیب : تحقیقی و تنقیدی جائزہ
خلاصہ
شاعری اور موسیقی کے باہمی تعلق کوپیش نظر رکھتے ہوئےمیں نے تحقیقی کام کے لیے اس موضوع کا انتخاب کیا ہے۔ فن موسیقی سے میری عملی وابستگی نے مجھے اس موضوع پر لکھنے کی تحریک دی ہے۔ شاعری نے موسیقی کو جنم دیا اور موسیقی نے شاعری کو، دونوں کے ہاں گہرے روابط ملتے ہیں ۔ اصناف سخن میں اُردو غزل کی شعری روایے پر بہت کچھ لکھا گیا ہے اور لکھا جارہا ہے لیکن اردو غزل کی غنائی روایت پر کچھ نہیں لکھا گیا۔ غزل گائیکی نے نہ صرف ارد و غزل کے فروغ میں ایک کلیدی کردار ادا کیا ہے بلکہ کئی اردو شعرا غزل گائیکی کے ذریعے عوامی سطح پر متعارف ہوئے ہیں ۔ اُردو غزل نے گائیکی کے روپ میں ڈھل کر کن کن اسالیب میں اپنا اظہار کیا اس مقالے میں ان اسالیب کا ایک تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ میری تحقیق کی بنیاد مندرجہ ذیل سوالات پر ہے جن کی بدولت موسیقی اور شاعری کو ایک ساتھ دیکھنے اور سمجھنے کا جواز پیدا ہوتا ہے۔ ا۔ اُردو غزل کی ترویج میں غزل گائیکی نے کیا کردار ادا کیا ؟ ۲۔ اردو غزل کو مقبول عام بنانے میں غزل گائیکوں کا حصہ۔ ۳۔ غزل گو شعراء کو زندہ رکھنے میں غزل گائیکی نے کتنا کردار ادا کیا ہے؟ ۴۔ اصناف سخن میں اُردو غزل ہی کیوں موسیقی کی صنف سخن بنی ؟ ۵۔ غزل گائیکی میں کتنے اسالیب مروج رہے ہیں ۔ ان اسالیب کا باہمی تقابل اور امتیازات کیا ہیں ؟ یہ وہ بنیادی سوالات ہیں جس سے اس موضوع کی غرض وغایت پر روشنی پڑتی ہے ۔